کراچی : شہر قائد خطرناک حد تک “دل کے مریضوں کا شہر” بنتا جا رہا ہے، جہاں روزانہ اوسطاً 103 افراد دل کے دورے کے باعث اسپتال پہنچائے جا رہے ہیں۔
تشویشناک بات یہ ہے کہ بڑی عمر کے افراد کے علاوہ شہر قائد کے نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی اس جان لیوا مرض کی لپیٹ میں آنا شروع ہوگئی ہے، رپورٹ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
Tٹبہ ہارٹ انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شہر قائد میں صرف گزشتہ سال 2025 کے دوران 74 ہزار 347 افراد دل کے دورے کا شکار ہوئے۔ دل کے مریضوں کے ان اعداد و شمار نے طبی ماہرین کو بھی تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق روزانہ دل کا دورہ پڑنے والے مریضوں میں 10 افراد کی عمر 40 سال سے کم جبکہ 2 مریض ایسے ہوتے ہیں جن کی عمر 30 برس سے بھی کم ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں میں دل کے امراض کی بڑھتی شرح مستقبل کیلیے ایک خطرناک اشارہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2016 سے مارچ 2026 تک (10 سال کے دوران) 4 لاکھ 7 ہزار 503 دل کے مریضوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 8 فیصد مریضوں کی عمر 40 سال یا اس سے کم تھی، جبکہ 2 فیصد مریض 30 سال سے بھی کم عمر نکلے۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کم عمری میں دل کے دورے کی بڑی وجوہات میں سگریٹ نوشی، ذیابیطس، موٹاپا، ہائی بلڈ پریشر، خون میں چکنائی کی زیادتی اور جسمانی سرگرمیوں کی کمی شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر شہریوں نے اپنی طرزِ زندگی تبدیل نہ کی تو آنے والے برسوں میں صورتحال مزید خطرناک ہوسکتی ہے۔


