ہمارے معاشرے میں غذا کے حوالے سے کئی اقسام کی افواہیں عام ہیں، جن سے متعلق حقیقت کا علم ہونا اور ان کے درمیان فرق کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔
اسی طرح موسم گرما میں کھانے پینے سے متعلق مختلف افواہیں اور غلط فہمیاں زیرگردش ہیں، جن میں تربوز کے بعد پانی پینا، مچھلی کے ساتھ دودھ استعمال کرنا، کھانے کے فوراً بعد پانی پینا یا سوڈا پینے سے جسم کی گرمی ختم ہونے جیسے تصورات شامل ہیں۔
اس حوالے سے ماہر غذائیت حاجرہ سلیم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں اس قسم کی افواہوں کی حقیقت بیان کرتے ہوئے ناظرین کو آگاہی دی۔
انہوں نے ان تمام غذائی افواہوں کی حقیقت واضح کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر باتوں کا سائنسی بنیادوں سے کوئی تعلق نہیں، گرمیوں میں جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے سب سے اہم چیز مناسب مقدار میں پانی پینا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روزانہ 8 سے 12 گلاس پانی، پانی سے بھرپور پھل اور دہی جیسی غذائیں جسم میں پانی اور منرلز کی کمی پوری کرتی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ کبھی کبھار سوڈا پینا نقصان دہ نہیں، تاہم روزانہ کی بنیاد پر کولڈ ڈرنکس کا استعمال اضافی چینی اور کیلوریز کا باعث بنتا ہے۔
حاجرہ سلیم نے تربوز کے بعد پانی پینے یا لسی استعمال کرنے سے فوڈ پوائزننگ سے متعلق سوال پر اس تاثر کو بھی غلط قرار دیا۔ ان کے مطابق فوڈ پوائزننگ کی اصل وجہ غیر صاف پھل، خراب حفظانِ صحت یا آلودہ پانی ہوتا ہے، نہ کہ تربوز کے ساتھ پانی پینا۔
ماہر غذائیت نے کہا کہ تربوز میں پہلے ہی 70 سے 80 فیصد پانی موجود ہوتا ہے، اس لیے اس کے بعد پانی پینے سے کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوتا۔
اسی طرح کھیرے کے بعد پانی پینے کے حوالے سے بھی انہوں نے کہا کہ اس تصور کی کوئی سائنسی حقیقت نہیں۔ ان کے مطابق اگر پانی صاف نہ ہو تو بیماری ہوسکتی ہے، لیکن اس کا الزام کھیرے پر ڈال دینا درست نہیں۔
کھانے کے بعد چائے پینے کے حوالے سے ماہر غذائیت نے بتایا کہ ایک یا دو کپ چائے پینے سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوتا۔ البتہ بہت زیادہ چائے پینے سے ڈی ہائیڈریشن ہوسکتی ہے۔
چینی کے استعمال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ماہر غذائیت نے کہا کہ مکمل طور پر چینی ترک کرنا ضروری نہیں، بلکہ اعتدال ضروری ہے۔
عالمی اداروں کے مطابق ایک دن میں تقریباً 6 چمچ چینی کی حد مقرر کی گئی ہے، جبکہ صرف 250 ملی لیٹر جوس یا کولڈ ڈرنک میں ہی اتنی چینی موجود ہوتی ہے۔
ماہر غذائیت نے مچھلی کے ساتھ دودھ پینے سے جلدی بیماری یا “برص” ہونے کے تاثر کو بھی بے بنیاد قرار دیا۔ ان کے مطابق مچھلی بہترین پروٹین ہے اور دنیا بھر میں مچھلی کو دودھ یا دہی سے بنی ساسز کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرم اور ٹھنڈی چیزیں ایک ساتھ کھانے سے بھی کوئی نقصان نہیں ہوتا کیونکہ معدے میں پہنچنے کے بعد تمام غذا کا درجہ حرارت معمول پر آجاتا ہے۔
کھانے کے فوراً بعد پانی پینے کے سوال پر ماہر غذائیت نے کہا کہ ایسی کوئی مستند سائنسی دلیل موجود نہیں جس میں کھانے کے بعد پانی پینے سے منع کیا گیا ہو۔ ان کے مطابق پانی کھانے سے پہلے، دوران یا بعد میں کسی بھی وقت پیا جاسکتا ہے۔


